اکتوبر کے ماہ میں جہاں ملک بھر میں سردی کا آغاز ہو چکا ہے وہیں شہر قائد کے باسیوں کو سردی کے موسم کا ابھی کچھ دیر اور انتظار کرنا ہوگا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی والوں کے لیے ایک بری خبر ہے اور وہ یہ کہ شہر بھر میں آج یعنی بروز پیر سے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ اس دوران سمندری ہوائیں متاثر رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران کراچی میں شمال اور شمال مغرب سے ہوائیں چلیں گی، ہیٹ ویو کے دوران دن میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان اور یہ 6 سے 8 دن تک شہر پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں گرمی کی شدت مقررہ درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جائے گی۔ ہیٹ ویو کا دورانیہ 1 ہفتے تک چلے گا۔ ہیٹ ویو میں زیادہ شدت دن 11 بجے سے شام 4 بجے تک رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ 11 سے 4 بجے کے اوقات میں شہری بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، جبکہ ہیٹ ویو کے دوران شہری سر کو ڈھانپ کر رکھیں، سایہ دار جگہوں پر رہیں، پانی کی بوتل ساتھ رکھیں اور بار بار پانی پیئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو سکے۔ بچوں کو اس دوران گھروں سے باہر ہربالکل نہ نکلنے دیں۔