گزشتہ روز منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے باعث نیب نے شہباز شریف کو لاہور ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا، جبکہ ن لیگ کے کارکنان کو اس خبر کا بے صبری سے انتظار تھا کہ اب پارٹی کے معاملات کون سنبھالے گا؟
تاہم اس حوالے سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نیب کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد پارٹی کے معاملات سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سنبھالیں گے''۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز کا کہنا تھا کہ ''میاں نواز شریف روزانہ کی بنیاد پر ویڈیو لنک کے ذریعے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے مخاطب ہوں گے اور پارٹی کے امور بھی چلائیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی قیادت کی جانب سے ہوا ہے''۔
دوسری جانب میاں شہباز شریف نے اپنا کیس خود لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف آج احتساب عدالت میں خود دلائل دیں گے، شہباز شریف نے اپنے کیس کے لئے کسی وکیل کی خدمات نہیں لیں۔
یاد رہے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز بھی کرپشن کیس میں ملوث ہونے کے باعث کوٹ لکھپت جیل میں بند ہیں۔