ہم نے اکثر دیکھا ہوگا کہ کئی لوگ بہتر روزگار کمانے کی غرض سے ہمارے ملک کے بڑے شہروں کا رخ کرتے ہیں، لیکن ایسی مثال بہت ہی کم دیکھنے کو ملے گی جہاں روزگار کی غرض سے لوگوں نے بڑے شہر منتقل ہونے کے بجائے چھوٹے شہر جانا بہتر سمجھا۔
آج ہم آپ کو ایک خاتون 'رابعہ رضوان' کی کہانی بتائیں گے جو کہ اپنے شوہر اور 2 بیٹوں کے ساتھ لاہور سے گلگت شفٹ ہوئیں اور وہاں ایک جدید طرز کا کیفے کھول لیا۔
'دی چیری ٹری کیفے' جس کی مالک رابعہ رضوان ہیں، گلگت کے علاقے 'جوٹیال' میں واقع ہے۔ وہ وہاں اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں۔ کیفے میں روزانہ کیکس، تازہ بسکٹ، پیسٹریز اور کئی مزیدار اشیا تیار کی جاتی ہیں جو کہ رابعہ خود ہی کرتی ہیں۔
رابعہ نے یہاں ایک تختی پر انتہائی خوبصورت تحریر بھی لکھ رکھی ہے جو ہر پڑھنے والے کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دے گی۔ انہوں نے لکھ رکھا ہے کہ ''یہاں پانی اور مسکراہٹ مفت ملتے ہیں''۔
اس کیفے کو بے حد خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ گلگت کی تاریخ میں یہ اس طرز کا پہلا جدید کیفے ہے، جس کا افتتاح گزشتہ ماہ 14 اگست کو ہوا۔
رابعہ کا اس متعلق کہنا ہے کہ 'میں مغربی ممالک کے کیفے ماڈلز سے بہت متاثر تھی۔ میری خواہش تھی کہ اسی طرح کا ایک کیفے گلگت جیسے خوبصورت لیکن پسماندہ علاقے میں کھولوں، اسی لیے ہم نے ایک سروے کیا۔ دوست و احباب سے مشورہ لیا۔ بہت سے لوگوں نے ہمارا دل برا کردیا، لیکن ہم نے فیصلہ لیا اور لاہور کی زندگی کو خیرباد کہہ کر گلگت منتقل ہوگئے'۔
انہوں نے بتایا 'میں کچن میں بیکنگ وغیرہ کرتی ہوں جبکہ بیٹے کاؤنٹر پر کیش اور آرڈرز کا کام سنبھالتے ہیں۔ میرے شوہر ایک ریٹائرڈ آرمی آفیسر ہیں۔ وہ بھی اس کام میں ہمارے ساتھ ہوتے ہیں'۔
رابعہ نے کہا کہ 'ہم لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ کوئی کام چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا۔ مغرب میں دیکھیں کیسے پڑھے لکھے نوجوان لڑکے لڑکیاں خود کاؤنٹرز پر کھڑے ہو کر لوگوں کو گائیڈ کر رہے ہوتے ہیں لہٰذا میری اور میری اہل خانہ کی بھی یہ ہی سوچ ہے'۔
انہوں نے بتایا کہ 'یہ ایک مکمل فیملی ماحول والی جگہ ہے، یہاں نوجوان لڑکیاں اور خواتین اکیلے بیٹھ سکتی ہیں۔ اس کیفے کا افتتاح ہوئے اگرچہ کچھ ہی دن ہوئے ہیں، لیکن گلگت کے لوگوں نے ہمارا بہت زبردست استقبال کیا ہے۔ انہیں ایک ایسی سہولت کی ضرورت تھی، لیکن ہر کوئی ایسی جگہوں پر کاروبار کرنے کے لیے آمادہ نہیں ہوتا۔ مجھے اگر فیملی کا تعاون نہ ملتا تو شاید میں یہ نہ کر سکتی'۔