'مجھے وہ لوگ چاہئیں جو سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے شہر کو چلا سکتے ہیں'... کیا اب بدلیں گے کراچی کے حالات؟ وقار ذکاء نے بڑا اعلان کردیا

ہماری ویب  |  Sep 01, 2020

کراچی کے حالات دن بدن بگڑتے ہی جا رہے ہیں، رواں سال برسات کی بارشوں نے شہر کا نقشہ تبدیل کردیا ہے جبکہ اب پاکستان کے معروف ترین سماجی کارکن اور میزبان وقار ذکاء کراچی کی صورتحال کے پیش نظر میدان میں آگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق میزبان نے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ وقار ذکاء اپنے یوٹیوب چینل سے لائیو آئے اور وہاں انہوں نے اس بات کا اعلان کیا۔

وقار کا کہنا تھا کہ 'تبدیلی لانی ہے اور کراچی کے حالات بدلنے ہیں تواس کے لیے تمہیں اور مجھے الیکشن لڑنا پڑے گا اور آئین کو سمجھنا پڑے گا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'مجھے وہ لوگ چاہئیں جو سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے شہر کو چلا سکتے ہیں۔ پورے سندھ سے مجھے نئے لوگ چاہئیں لیکن شرط یہ ہے کہ جو لوگ میرے ساتھ مل کر لڑنا چاہتے ہیں ان کا تعلق کسی پارٹی سے نہیں ہونا چاہیے'۔

وقار ذکاء کا کہنا تھا کہ 'میں آج اعلان کرتا ہوں، جب بھی بلدیاتی الیکشن ہوں گے میری جماعت ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان ان میں حصہ لے گی۔ ہم الیکشن میں کھڑے بھی ہوں گے اور اللہ کے حکم سے الیکشن جیت کر بھی دکھائیں گے'۔

سماجی کارکن نے مزید کہا کہ 'میں اپنے شہر کے لیے لڑ جاﺅں گا۔ اس شہر کے ہر مسئلے کو آئینی اور قانونی طریقے سے حل کرنے کے لیے ہر محکمے میں جا کر لڑوں گا لیکن عوام کو پریشان نہیں ہونے دوں گا'۔

واضح رہے کچھ عرصہ قبل پاکستان میں معروف ترین گیم 'پب جی' کو حکومت کی جانب سے بین کردیا گیا تھا، جس کے خلاف وقار ذکاء نے مختلف گیمرز کے ساتھ مل کر ایک تحریک چلائی جس پر بپ جی کو بحال کردیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More