کورونا وائرس کے باعث ملک بھر کے تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے گئے تھے جبکہ اب حکومت کورونا کا خطرہ کم ہوجانے کے بعد اسکول دوبارہ کھولنے کا سوچ رہی ہے جبکہ تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ7 ستمبر کو ہوگا، جبکہ تجویز ہے کہ کلاسز کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا جائے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ 7 ستمبر کو اجلاس میں تعلیمی ادارے کھولنے یا نہ کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا، اجلاس میں تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم شریک ہوں گے۔
نصاب کے حوالے سے وزیر تعلیم نے انکشاف کیا ہے کہ اس حوالے سے قانون سازی ہو رہی ہے کہ ایسا نصاب متعارف کروایا جائے جو پورے ملک میں لاگو ہو، ایک سے پانچویں جماعت کا نصاب بن چکا ہے، ایک سے پانچویں جماعت کے نصاب پر تمام صوبے متفق ہیں۔
پہلی سے پانچویں جماعت کا نیا نصاب آئندہ سال اپریل سے نافذ ہو جائے گا، نیا تعلیمی نصاب سرکاری، نجی اور مدرسوں میں بھی لاگو ہوگا۔