جب انسان اس دنیا میں آتا ہے تو اس کا سب سے پہلا دوست اس کے بھائی یا بہن ہوتے ہیں۔ کبھی کبھی تو بھائیوں کی بہنوں کے لیے اور بہنوں کی بھائیوں کے لیے ایسی محبت دیکھنے کو ملتی ہے جس کی کہیں مثال نہ ملے۔
ایسا ہی کچھ خیبرپختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں دیکھنے کو ملا جس نے ہر دیکھنے والے کا دل دہلا کر رکھ دیا۔
ہوا کچھ یوں کہ کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے گاؤں شیخان میں ایک ہی گھر کے پانچ بچے یکے بعد دیگرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بھائی اور چار سگی بہنیں شامل تھے جو ایک دوسرے کو بچانے کے لیے تالاب میں کودے اور ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایک خاتون تالاب کے کنارے کپڑے دھو رہی تھیں کہ اچانک وہاں ان کا بیٹا کھیلتا ہوا پانی میں گرگیا جس کو بچانے کی خاطر ایک کے بعد ایک بہن نے پانی میں چھلانگ لگا دی لیکن کوئی ایک بھی نہ بچ سکا۔
جان سے جانے والوں میں میں 16 سالہ زہرہ بی بی، 15 سالہ حاجرہ بی بی، 13 سالہ عائشہ بی بی، 8 سالہ ثناء بی بی اور 10 سالہ عمر صدیق شامل ہیں۔
تاہم مرنے والوں کی لاشوں کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تالاب سے باہر نکالا۔