پاسپورٹ ایک ایسی چیز ہے جو اگر سفر کے دوران گم جائے تو انسان اپنے حواس کھو بیٹھتا ہے، یقیناً اس سے سنگین مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں لیکن ہمیشہ یاد رکھیں کہ اگر آپ اس قسم کی مشکل میں پڑ گئے ہیں تو اپنے اوسان بالکل خطا نہ ہونے دیں۔
آج ہم آپ کو ان 5 چیزوں کے بارے میں بتائیں گے جن کو پاسپورٹ سفر کے دوران گم ہونے پر آپ اپنا سکتے ہیں۔
1) اعصاب پر قابو پائیں
سفر کے دوران اگر آپ کا پاسپورٹ گم ہوجائے تو سب سے بنیادی چیز جو آپ کو کرنی چاہیے وہ یہ کہ اپنے ہوش و حواس میں رہیں اور سوچیں کہ آخری مرتبہ آپ نے وہ کہاں رکھا تھا یا کس جگہ دیکھا تھا۔ اگر ممکن ہو تو آپ ان جگہوں کا دورہ بھی کر سکتے ہیں جہاں آُپ پاسپورٹ کے ساتھ گئے ہوں جیسے کافی شاپ یا کسی ریسٹورنٹ۔
2) سوشل میڈیا سے مدد حاصل کریں
سوشل میڈیا حالیہ دور کا وہ پلیٹ فارم ہے جہاں بہت سے لوگوں کے مسائل حل ہو سکتے ہیں، آپ کو کرنا یہ ہوگا کہ اپنے نام، تصویر اور ضروری معلومات کے ساتھ ٹوئٹر یا فیس بک کے کسی بڑے گروپ میں اسٹیٹس اپ لوڈ کردیں۔ اس سے آپ کو پاسپورٹ جلد ڈھونڈنے میں ضرور مدد ملے گی۔
3) ایف آئی آر درج کروائیں
پہلی فرصت میں آپ قریبی پولیس اسٹیشن جائیں اور رپورٹ درج کروائیں تاکہ اس کی مدد سے آپ دوسرے پاسپورٹ یا ایمرجنسی پرمٹ کے حصول کے لیے کام شروع کر سکیں۔
4) اپنے ملک کی ایمبیسی جائیں
پولیس رپورٹ کی کاپی قونصلیٹ یا ایمبیسی میں دیں اور ایمرجنسی پرمٹ کے لیے اپلائی کریں۔ اس پرمٹ کو حاصل کرنے کے بعد آپ اپنے ملک واپس جا سکیں گے۔
5) اپنی فلائیٹ تبدیل کروا لیں
اگر آپ نے دو چار دن کے اندر سفر کرنا ہے تو اپنی فلائیٹ کو تبدیل کروالیں۔ بیرون ملک سفر کے دوران پاسپورٹ کی ایک فوٹو کاپی اور ایک اسکین کاپی اپنے ای میل میں رکھیں تاکہ آپ کسی بھی ناگہانی صورت کا مقابلہ کر سکیں۔