پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو دنیا کے دیگر شہروں سے جو چیز منفرد بناتی ہے وہ اس کے مزیدار اور بہترین کھانے ہیں۔ شہرِ قائد کے لوگوں کے حوالے سے یہ بات مشہور ہے کہ یہاں کے لوگ اگر کسی دوسرے شہر چلے جائیں تو انہیں وہاں کا کھانا بالکل پسند نہیں آتا۔
کراچی میں مختلف تہذیبوں کے بہترین کھانے اور ذائقے آج بھی اس شہر کی شان و شوکت مں اضافہ کرتے ہیں۔ اس شہر میں گھر سے باہر کھانا کھانے کا رواج بہت عام ہے، کیونکہ یہاں کے ریسٹورنٹس میں بھی آپ کو گھر جیسا ذائقہ باآسانی مل سکتا ہے۔
آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ شہر قائد کے وہ علاقے کون سے ہیں جو مختلف قسم کے کھانوں کے لیے کافی مشہور ہیں؟
حیدرآباد کالونی
حیدرآبادی کھانے کافی مشہور ہیں، اگر آپ کو حیدرآباد کے مزیدار اور چٹ پٹے کھانوں کا ذائقہ چکھنا ہے تو حیدرآباد کالونی کا رخ کیجیے۔ بریانی سے لے کر اچار چٹنیوں تک، خوبانی کے میٹھے سے لے کر بھگارے بینگن تک، سب کچھ دستیاب ہوگا۔ یہاں تک کہ کراچی کے مشہور علاقہ بہاردآباد میں بھی آپ کو حیدرآبادی کھانا باآسانی دستیاب ہوگا۔
اورنگی ٹاؤن
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بہار سے آنے والے افراد کی سب سے زیادہ آبادی مقیم ہے۔ اس علاقے کے کھانے بھی کافی مشہور ہیں، یہاں آپ کو بہار کے ذائقہ مند بہاری کباب، بہاری پیزا اور بہاری بوٹی ملیں گے۔ اس کے علاوہ کالے چنے، بوٹ پلاؤ اور سرسوں کے تیل میں پکی دالیں بھی بہاری روایات کا حصہ اور کراچی کی پہچان ہیں۔
دھورا جی
دھورا جی کراچی کی مشہور فوڈ اسٹریٹ تصور کی جاتی ہے۔ یہاں کے گول گپے اور گولا گنڈا کافی مشہور ہے۔ اس کے علاوہ آپ کو یہاں دیگر کھانے کی چیزیں بھی ملیں گی۔