سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان قائم وہ منصوبہ ہے جس کے تحت پاکستان کے مختلف شعبوں میں تقریباً 60،000 ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ تاہم اب حکومت کی جانب سے پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کے لئے سی پی ای سی کے مختلف شعبوں میں انٹرنشپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس انٹرنشپ پروگرام کا اعلان سی پیک کے سربراہ لیفیٹینٹ(ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام کے ذریعے کیا۔
عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ 'سی پیک ایک قومی اور جامع منصوبہ ہے اور سماجی ترقی کو فروغ دینے کے لئے سی پیک انٹرنشپ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے'۔
'یہ انٹرنشپ پروگرام تین ماہ پر مشتمل اور بامعاوضہ ہوگا'۔ عاصم سلیم باجوہ کے مطابق اس پروگرام کا آغاز پاکستان کے نوجوانوں کو خود مختار بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'اس انٹرشپ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا اور وہ مستقبل میں اپنے تجربات سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کراد ادا کریں گے'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اس طرح کے انٹرشپ پروگرام کے ذریعے پاکستان کے نوجوان طبقے کے لئے ترقی کی راہ ہموار کرنا اور ان باصلاحیت نوجوانوں میں نئے لیڈر پیدا کرنا ہے۔ نوجوانوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ یہ ملکی آبادی کا 60 فیصد حصؔہ ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'ہمارے پاس یہ بہترین موقع ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور دیگر ممالک کی طرح ملکی ترقی میں ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو آزمائیں'۔