عالمی وبا کورونا وائرس کا مکمل طور پر خاتمہ تو نہیں ہوسکا مگر احتیاطی تدابیر کو مددِ نظر رکھتے ہوئے عوام الناس کی جانب سے کافی دیکھ بھال اور دیگر حفاظتی اقدامات کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے اور ساتھ ہی کورونا کے فعال کیسز کی تعداد میں دن بہ دن نمایاں کمی آرہی ہے جس کے باعث اسمارٹ لاک ڈاؤن کو ختم کیا جا چکا ہے۔
لاک ڈاؤن اٹھ جانے کے بعد کراچی سمیت ملک کے دیگر شعبوں پر سے بھی عائد پابندی ختم کردی گئی ہے اور معمولاتِ زندگی واپس لوٹ آئی ہے۔
شہرِ قائد کو لذیذ اور چٹ پٹے کھانوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے جہاں شام ہوتے ہی مزیدار کھانوں کے شوقین رخ کرتے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے اختتام پزیر ہونے کے بعد کراچی کی رونقیں بھی بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد کراچی کے بڑے اور مشہور کھانوں کے مقامات پر لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ تقریباً 5 ماہ بعد لوگ اپنے اہلخانہ اور دوستوں کے ہمراہ ریسٹورینٹس کا رخ کر رہے ہیں۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ لاک ڈاؤن اٹھ جانے کے بعد لوگوں کے چہروں پر خوشی لوٹ آئی ہے اور وہ ذائقے دارکھانوں کی طرف کھچے چلے آرہے ہیں۔
مگر کووڈ 19 وائرس ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا اور اس دوران سیرو تفریح اور ریسٹورینٹ میں احتیاط کیسے کی جائے؟
1- اگر آپ کا باہر سیر یا کھانا کھانے کا پروگرام بن جائے تو باہر جانے سے قبل ماسک لازمی پہنے، چھوٹے سینیٹائزر کی بوتل ساتھ رکھیں اور کھانوں سے لطف اندوز ہونے سے پہلے او بعد میں بھی سینیٹائزر کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
2- کسی بھی بڑے ریسٹورینٹ میں کھانا کھانے کے لئے جائیں تو بیٹھتے وقت کرسیوں میں فاصلہ قائم رکھیں۔
3- کوشش کریں کہ صرف اُن ہوٹلز، ریسٹورینٹ یا اُن تفریح گاہوں کا رُخ کریں جہاں مکمل ایس او پیز پر عمل درآمد ہورہا ہو۔
4- تفریح گاہوں کے مقام پر دیگر چیزوں کو ہاتھ لگانے سے گریز کریں اور دستانے پہن لیں کیونکہ ہوسکتا ہے اس جگہ یا چیز پر کسی نے کھانس دیا ہو یا چھینکا ہو تو اس کے لئے ہر 10 پندرہ منٹ بعد سینیٹائرز کا استعمال کریں۔