دنیا میں ایسے ایسے لوگ ملتے ہیں جن کی زندگیوں کے بارے میں جان کر ان پر رشک آتا ہے، وہ دین اور اللہ سے اس قدر قریب ہوتے ہیں کہ ہمارا دل دعا کرتا ہے کہ ہم بھی اسی طرح زندگی گزاریں۔
آج ہم آپ کو نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے ممتاز عالم دین اور بزرگ مفتی جلال الدین جمالی کے بارے میں بتانے والے ہیں۔
120 سالہ جلال الدین جمالی بغیر چشمے کے لکھتے، پڑھتے اور درس و تدریس میں مصروف رہتے ہیں۔ مفتی صاحب گاؤں شیر خان جمالی کے رہائشی ہیں اور یہ زندگی کی 120 بہاریں دیکھ چکے ہیں جبکہ انہوں نے اپنی اب تک کی زندگی میں 34 حج اور 45 عمرے بھی کیے ہیں۔
مفتی جلال الدین مولانا عبیداللہ سندھی کے شاگرد رہے ہیں جبکہ یہ مولانا اشرف علی تھانوی اور دیگر نامور علماء کرام سے بھی فیض حاصل کر چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مفتی جلال الدین جمالی نے قرآن پاک اور بخاری شریف کے کچھ حصے کا ترجمہ بھی کیا ہے جبکہ مختلف اہم موضوعات پر کتابیں بھی لکھیں۔
تاہم روزانہ بڑی تعداد میں مرد اور خواتین دور دراز کے علاقوں سے آپ سے ملاقات اور دعا کروانے کے لیے آتے ہیں۔