ملک میں جب سے لاک ڈاؤن ہوا ہے تقریباً تب سے ہی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، تاہم کافی عرصے بعد عوام کے لیے یہ خوشخبری آئی ہے کہ سونے کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محض ایک ہفتے کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ کی طرح پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں تقریباؐ 10 ہزار روپے تک کی کمی سامنے آئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت تقریباً 2 ہزار ڈالرز کی سطح تک جا پہنچ تھی جبکہ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 30 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی تھی تاہم رواں ہفتے کے دوران عالمی اور پاکستانی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی۔
ایک ہفتے کے دوران پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 8 سے 10 ہزار روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز یوم آزادی کے سلسلے میں ملک بھر میں عام تعطیل تھی جس کی وجہ سے صرافہ مارکیٹیں بھی بند رہیں۔ اس طرح رواں ہفتے کے دوران صرف 4 روز کاروبار ہوا۔
رواں ہفتے کے پہلے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار روپے، دوسرے کاروباری روز 2 ہزار 900 روپے، جبکہ تیسرے کاروباری روز 6 ہزار 100 روپے کی کمی ہوئی۔
آج پاکستان میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 22 ہزار 309 ہے جبکہ 24 کیرٹ 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 4 ہزار 862 روپے ہیں۔
Gold Rates