تفصیلات کے مطابق پرائیوٹ اسکولز مالکان کی جانب سے حکومت کا 15 ستمبر سے اسکول کھولنے کا اعلان مسترد کر دیا گیا۔ حکومت کا اعلانیہ مسترد کرتے ہوئے صدرآل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت 15 اگست سے ملک بھر کے اسکولز کھولنے کا اعلان کرے، بصورت دیگر وہ خود تعلیمی ادارے کھول لیں گے۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کو قانونی تحفظ قائم کرنے کے لئے سیل قائم کر دیا گیا ہے جبکہ اگر ہمیں اسکول کھولنے سے روکا گیا تو لانگ مارچ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح حکومت نے ملک بھر میں ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے تمام چیزیں کھولی ہیں، اسی طرح اسکولز بھی دوبارہ کھول دیئے جائیں، ملک بھر میں ساڑھے 7 کروڑ بچے اپنے آئینی حق سے محروم ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھرکے تعلیمی ادارے 15 ستمبرکو ہی کھولے جائیں گے۔
تاہم اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب کی جانب سے بھی بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اور نجی سکول 15ستمبرسے ہی کھلیں گے۔