محکمہ موسمیات نے کل کراچی میں آسمانی بجلی گرنے کا امکان ظاہر کردیا۔۔۔ آسمانی بجلی گرنے سے کیا ہوتا ہے اور اس سے کیسے محفوظ رہا جائے؟ جانیں

ہماری ویب  |  Aug 05, 2020

محکمہ موسمیات کی جانب سے کل بارش سے قبل آندھی چلنے اور بجلی گرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالقیوم بھٹو کے مطابق ہوا کا ایک کم دباؤ خلیج بنگال اور دوسرا رن آف کچھ پر موجود ہے، کل تک یہ دونوں سسٹم گجرات کے قریب آپس میں مل سکتے ہیں اور جمعرات سے یہ سسٹم سندھ اپر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آسمانی بجلی دراصل ہوتی کیا ہے اور اس کے گرنے سے کیسے محفوظ رہا جائے؟

آسمانی بجلی اس وقت پیدا ہوتی ہے جب بادل اور تیز ہوا ایک دوسرے سے رگڑ کھاتے ہیں۔ ہماری زمین پر موجود اشیا پر عموماً مثبت چارج ہوتا ہے اور یوں بجلی کا کڑاکا زمین کی جانب لپکنے کی کوشش کرتا ہے جسے زمین پر بجلی گرنا کہتے ہیں۔ اس سے جنگلات میں آگ لگ جاتی ہے اور لوگ اور جانور جل کر راکھ ہو جاتے ہیں۔

مزید یہ کہ شدید تیز برسات کے دوران جب آسمانی بجلی کا زمین سے ٹکراؤ ہوتا ہے تو اس سے ایک کیمیائی رد عمل ہوتا ہے جس کے ذریعے یہ نائٹرو آکسائیڈ گیس خارج کرتی ہے۔ بعض اوقات آسمانی بجلی گرنے کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں اور کئی لوگ اور جانور اس قدرتی آفت کی لپیٹ میں آکر ہلاک ہوجاتے ہیں۔ البتہ کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس سے جان بچائی جا سکتی ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس سے کس طرح محفوظ رہا جائے؟

٭بجلی کے طوفان یا عام طوفان میں محفوظ رہنے کا سب سے پہلا اصول یہ ہے کہ گھر سے باہر جانے سے اجتناب کیا جائے، حتیٰ کہ جب آپ گھر کے اندر بھی ہوں تب بھی کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔

٭اگر آپ گھر سے باہر ہوں اور بجلی کے طوفان کی زد میں آجائیں تو سب سے پہلے کوئی مضبوط پناہ گاہ تلاش کریں۔ کسی بھی لمبے درخت یا پھر اسٹریٹ لائٹ کے نیچے ہرگز کھڑے نہ ہوں کیونکہ آسمانی بجلی اونچی چیزوں پر گرتی ہے۔

٭اگر آپ کسی ایسی گاڑی میں سوار ہوں جس کی چھت کسی نرم چیز کی ہے تو پھر فوراً گاڑی سے نکل کر کسی محفوظ عمارت میں پناہ لیں۔ رکشے اور کھولی جا سکنے والی چھت والی گاڑیاں ایسے طوفان میں محفوظ نہیں ہیں۔

٭اگر اپنی گاڑی میں موجود ہیں اور اگر آپ کسی محفوظ جگہ تک رسائی حاصل نہیں کر سکتے تو پھر گاڑی کے اندر ہی رہیں۔ گاڑی کے شیشے اوپر چڑھا دیں، انجن بند کردیں اور گاڑی کے اندر کسی بھی دھاتی حصے کو نہ چھوئیں۔

بجلی گرنے والی ہے، یہ کیسے پتہ لگایا جائے؟

1) اگر آپ کے بال کھڑے ہونے شروع ہوجائیں یا پھر دھاتی چیزیں لرزنا شروع ہوجائیں تو اس طرح آپ کو محسوس ہوسکتا ہے کہ بجلی گرنے والی ہے۔

2) بجلی کس قدر قریب ہے اس کی پیش گوئی آپ اپنی دیکھنے کی صلاحیت سے کر سکتے ہیں۔ اگر بجلی چمکنے اور گرجنے کے درمیان ۳۰ سیکنڈز سے کم فرق ہو تو فوراً کسی پناہ گاہ کا رخ کریں یا پھر اکڑوں ہو کر بیٹھ جائیں۔

علاج؟

1) اس شخص کو کسی محفوظ جگہ پر منتقل کریں کیونکہ بجلی دوبارہ اسی جگہ پر گر سکتی ہے۔

2) آسمانی بجلی کی زد میں آنے والے شخص کو فوراً طبی امداد مہیا کریں۔ آسمانی بجلی کی زد میں آنے والے شخص میں کسی قسم کا کرنٹ نہیں ہوتا، اس لیے اگر اس شخص کی مدد کریں گے تو آپ کرنٹ لگنے کا کوئی اندیشہ نہیں ہوتا۔

3) اگر وہ شخص سانس بھی لے رہا ہو اور اس کی نبض بھی چل رہی ہو تو پھر دیگر جسمانی زخموں جیسے جھلسنے، سننے اور دیکھنے کی صلاحیت کی محرومی، ٹوٹی ہڈیوں کی تشخیص کروائیں۔

4) اس شخص کے کپڑے نہ اتاریں۔

5) اس شخص کو شاک ٹریٹمنٹ فراہم کرنے کے لیے اسے پیٹ کے بل لیٹا کر اور اس کے سر کو باقی جسم کے حصوں سے تھوڑا نیچے کی طرف جھکا دیں۔ ذرا سی ٹانگیں اوپر کی طرف اٹھائیں اور سہارا دیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More