چین اور اٹلی سے شروع ہونے والا جان لیوا مرض کورونا وائرس جس نے پوری دنیا میں تباہی مچائی، اس حوالے سے پاکستان کے لیے اچھی خبر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خطرناک عالمگیر وبا کورونا وائرس کی تباہ کاریوں میں خوشگوار کمی نے ماہرین طب کو چکرا دیا ہے۔ اس وبا کے پھیلائو کے حوالے سے تمام تر پیشگوئیاں غلط ثابت ہوئی ہیں۔
کئی ممالک مسلسل کوششوں کے بعد بھی اس وبا پر قابو نہیں پا سکے لیکن پاکستان ان سب میں آگے نکل چکا ہے۔
ماہرین نے تباہی اور ہلاکتوں سے بچنے کے لئے حکومتوں پر سخت ترین لاک ڈائون کے لئے زور دیا تھا، جبکہ حکومت اس کے آغاز میں چند ہفتوں کے لئے تھوڑا تذبذب کا شکار نظر آئی تاہم روز کے کمانے اور اجرت پر کام کرنے والوں اور غریبوں کی مشکلات اور مصائب کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل لاک ڈائون میں نرمی کی جبکہ سندھ میں سخت لاک ڈائون کیا گیا جس کو بڑے پیمانے پر سراہا بھی گیا۔
ماہرین کی جانب سے اس پر خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے، ماہرین نے خبردار بھی کیا کہ حکومت اور عوام کی جانب سے غفلت کی صورت میں صورتحال بگڑنے کے خدشات تاحال موجود ہیں۔ محرم الحرام اور عید الاضحیٰ کے لئے طے شدہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد ہونا چاہیے۔
تاہم اچھی خبر یہ بھی ہے کہ کورونا وائرس کیسز میں غیر معمولی کمی کو مد نظر رکھ کر فیصل آباد میں دو مراکز صحت بند کر دئے گئے، اسی طرح دیگر شہروں میں بھی ضرورت نہ ہو نے کی وجہ سے صحت مراکز کو بند کیا جا رہا ہے۔