کراچی جتنا بڑا شہر ہے اسی حساب سے یہاں عیدالاضحیٰ کے موقع پر منڈیاں بھی لگتی ہیں، اور ہر سال رونق نظر آتی ہے۔ شہرِ قائد کی مشہورِ زمانہ منڈی جو کہ ایشیاء کی سب سے بڑی منڈی ہے، یہاں جانور لائے جاچکے ہیں جبکہ خریداروں کی بھی بڑی تعداد قربانی کے جانور خریدنے کے لیے یہاں کا رخ کر رہی ہے۔
کراچی میں چونکہ برسات کا موسم ہے اور بارشیں بھی ہورہی ہیں جس کی وجہ سے خریداروں کا یہ ماننا تھا کہ شاید جانور سستے ملیں لیکن جب وہ منڈی پہنچے تو قیمتوں کا سن کر کانوں کو ہاتھ لگانے پر مجبور ہوگئے۔
شہرِ قائد کی منڈی میں جانوروں کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، خریداروں کے مطابق منڈی میں جو جانور 80،000 کا ہے وہ تقریباً 1 لاکھ 80،000 کا مل رہا ہے جبکہ جس جانور کی قیمت 1 لاکھ ہونی چاہیے وہ 3 لاکھ کا بیچا جا رہا ہے۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ منڈی میں بیوپاری ڈھائی یا 3 لاکھ سے کم میں بات ہی نہیں کر رہے، نارمل جانور کی قیمت بھی 1 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔
تاہم بیوپاریوں کے مطابق ٹرانسپورٹ کا خرچہ اتنا زیادہ ہے پھر دیگر اخراجات اور بڑھتی مہنگائی کے سبب جانوروں کی اتنی قیمتیں لینا مجبوری ہے۔
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ہماری مہنگا جانور بھی فروخت ہوجائے گا۔