شہرِ قائد کے چند علاقوں میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ کچھ علاقے زیرِ آب آگئے۔
تاہم کراچی میں ایک علاقہ ایسا تھا جہاں پانی کے ساتھ ساتھ آسمان سے مچھلیاں بھی برسیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ماجدہ ملک نامی خاتون نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کے گھر میں مچھلیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔
ماجدہ ملک کے مطابق ان کے علاقے میں مچھلیوں کی بارش ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ سمندر سے ایک کلومیٹر دور رہتی ہیں، انہیں یہ سمجھ نہیں آرہی کہ یہ بارش کیسے ہوئی ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق مچھلیوں کی بارش کا واقعہ عام طور پر اس وقت پیش آتا ہے جب ہوا بگولے کی شکل میں قدرے کم گہرے پانی پر موجود ہو تو یہ پانی میں دائرے یا بھنور بنا کر اس میں موجود تقریباً تمام چیزیں اپنی طرف کھینچ لیتی ہے اور اس میں مچھلیوں کے علاوہ مینڈک بھی شامل ہوتے ہیں۔
بعض اوقات ایسے واقعات میں آبی حیات طوفان باد و باراں کے ساتھ طویل فاصلہ طے کر لیتی ہے اور لوگوں کو یہی محسوس ہوتا ہے کہ آسمان سے مچھلیوں کی بارش ہوئی ہے۔
واضح رہے اس سے قبل بھی مختلف ملکوں میں مچھلیوں کی بارش ہوچکی ہے۔ 2014 میں سری لنکا میں مچھلیوں کی بارش ہوئی تھی، 2015 میں سعودی عرب، 2017 میں تھائی لینڈ اور 2018 میں امریکی ریاست یوٹاہ میں بھی مچھلیوں کی بارش ہوچکی ہے۔