عالمی وبا کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان میں بھی خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے اور گزشتہ روز کئی کیسز سامنے آنے کے بعد آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔
اس بدترین صورتحال کا سامنا کرنے والے ہمارے فرنٹ لائن سولجرز سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف بھی کورونا سے محفوظ نہیں ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈاکٹرز کی بڑی تعداد کورونا کا شکار ہو رہی ہے۔
جیو کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا سے 1040 ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ گھروں میں قرنطینہ ہو چکے ہیں جبکہ 200 کے قریب فرنٹ لائن ورکرز مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس سے متاثر اور ہلاک ہونے والے ڈاکٹرز کی تعداد سب سے زیادہ ہے، صوبہ پنجاب میں باقی صوبوں کے مقابلے میں حالات قدرے بہتر ہیں یہاں پر 108 ڈاکٹروں اور 108 نرسوں سمیت 341 طبی عملہ کے لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
پاکستان میں آئندہ چند روز کورونا کے حوالے سے بڑے خطرناک ہیں اور مریضوں کی تعداد لاکھوں میں جاسکتی ہے۔