ڈبلیو ایچ او کے ماہر ہنس کلیگ کی جانب سے وبائی مرض کورونا وائرس سے متعلق نئے خطرے کی طرف اشارہ کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر ہنس کلیگ نے دنیا کو کورونا وائرس کی دوسری اور تیسری لہر کا امکان ظاہر کرتے ہوئے خبردار کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کورونا کے نئے وار سے یورپ سب سے زیادہ متاثر ہوگا، جبکہ دنیا بھر میں بڑے بڑے صحت کے شعبے بھی کسی کام کے نہیں رہیں گے، تمام ممالک کو ہر ممکن اقدامات کے لیے تیار رہنا پڑے گا۔
ویکسین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کی تیاری حال میں ہوتی نظر نہیں آر ہی، اس کے لیے کافی وقت درکار ہے۔ موجودہ صورتِ حال سے یورپ ابھی سے ہی شدید متاثر ہے، سب سے زیادہ اموات یورپی ممالک میں ہوئیں، کوئی بھی تاحال ویکسین تیار کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا ہے۔
یاد رہے گزشتہ دنوں کورونا وائرس کے پیش نظرعالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈرس نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بدترین وقت ابھی آیا نہیں آنے والا ہے، کورونا ایک حقیقت ہے۔