امریکہ میں 14 اپریل اموات کے لحاظ سے ویسا ہی ثابت ہوا ہے جس طرح 11 ستمبر کو ہوا تھا، جہاں ایک ہی روز میں کورونا سے 2 ہزار 407 افراد ہلاک اور مزید 27 ہزار بیمار ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکہ میں کورونا وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 64 ہوگئی جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 14 ہزار 211 تک جا پہنچی ہے۔
امریکہ کے اسپتالوں میں 5 لاکھ 49 ہزار 327 افراد زیرِ علاج ہیں جن میں سے 13 ہزار 473 کی حالت خطرے میں ہے جبکہ 38 ہزار 820 کورونا مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ روز منگل کو صرف نیویارک میں 778 افراد لقمہ اجل بنے، اور وہاں ان 3700 افراد کو بھی کورونا وائرس سے متاثرہ تسلیم کر لیا گیا ہے جن کی اموات مشتبہ قرار دی گئی تھیں۔
اب ریاست میں اموات کی مجموعی تعداد 10 ہزار 834 ہوگئی ہے جبکہ بیماروں کی تعداد 2 لاکھ 3 ہزار سے بھی زیادہ ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ میں 11 ستمبر 2001 کو طیارہ حملوں سے 2 ہزار 996 افراد ہلاک اور 25 ہزار زخمی ہوئے تھے تاہم اب کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے نتیجے میں ایک ہی دن میں اموات کی تعداد ڈھائی ہزار کے قریب پہنچ گئی۔