کورونا وائرس کی خبروں سے ایک شخص کی یادداشت 30 سال بعد واپس آگئی

ہماری ویب  |  Mar 19, 2020

ایک طرف جان لیوا کورونا وائرس سے پوری دنیا خوفزدہ ہے تو دوسری جانب اسی وائرس کی خبریں سن کر ایک چینی شخص کی یادداشت 30 سال بعد واپس لوٹ آئی۔

’’ایک چینی ویب سائٹ کے مطابق، ژو جیامنگ نامی ایک شخص سال 1990 میں ایک کمپنی میں ملازمت کی غرض سے چین کے صوبے گوئیژو پہنچا جبکہ اس کا تعلق صوبہ ہوبے کے قصبے چی شوئی سے تھا۔ بدقسمتی سے ژو جیامنگ کے ساتھ ایک حادثہ پیش آیا تھا جس میں اس کی یادداشت چلی گئی جبکہ اس کا شناختی کارڈ بھی گم ہو گیا، جس کے باعث وہ اپنی شناخت سے بھی محروم ہو گیا تھا۔

چند سال سڑکوں پر زندگی گزارنے کے بعد اس شخص کو ایک رحم دل خاندان ملا جنہوں نے اسے اپنے گھر میں رہنے کے لئے جگہ فراہم کی ۔ اس دوران وہ اپنی زندگی، گھر اور فیملی کے بارے میں یاد کرنے کی کوشش کرتا رہا لیکن سوائے اپنے نام کے اسے کچھ یاد نہ آیا۔

سال 2015 میں یہ خاندان اپنے آبائی صوبے ژی جیانگ واپس منتقل ہوگیا اور وہ اپنے ہمراہ ژو جیامنگ کو بھی لے گئے۔ یہاں آکر اس کو اپنا ماضی تھوڑا بہت یاد آنے لگا تھا مگر مکمل طور پر تمام باتیں یاد کرنے سے قاصر رہا۔

اس کے بعد 2020 میں صوبہ ہوبے کے شہر ووہان میں کورونا وائرس سے متعلق خبریں آنا شروع ہو گئیں۔ ان خبروں میں ژو جیامنگ کے قصبے کا تذکرہ بھی ہونے لگا، جسے سن کر اس کی یادداشت حیرت انگیز طور پر مکمل بحال ہوگئی اور اسے وہ سب کچھ یاد آگیا جو وہ تیس سال پہلے بھول چکا تھا۔

گمشدہ شخص ژو جیامنگ نے فوری طور پر مقامی پولیس سے رابطہ کیا اور کچھ دن گزرنے کے بعد بالآخر اس کا رابطہ اپنے خاندان سے ہوگیا ۔ فیملی سے رابطے کے بعد اس کو یہ خبر سننے کو ملی کہ اس کے والد 18 سال پہلے ہی انتقال کر گئے تھے، البتہ والدہ ابھی تک حیات ہیں۔

اس کے چار بہن بھائی ژو جیامنگ کے مل جانے کی خبر سننے کے بعد خوشی سے آبدیدہ ہوئے کیونکہ وہ یہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ان کا بھائی زندہ نہیں رہا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More