بیلا روس کے ایک شہری کا انگوٹھا ایک حادثے میں کٹ کر علیحدہ ہو گیا جسے اُس نے موبائل فون ان لاک کرنے کے لیے فریج میں رکھ لیا۔
ایک رپورٹ کے مطابق یورپین ملک بیلا روس سے تعلق رکھنے والے 53 سالہ شہری یوری وینو گریدوف لکڑیوں کا کام کرتے ہیں۔ لکڑی کو آرے کی مدد سے کاٹنے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا اور اُن کا انگوٹھا مشین میں آکر ہاتھ سے بالکل الگ ہو کر گر گیا۔
یوری وینو فوراً اپنا انگوٹھا لے کر اسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹرز نے ان سے کہا کہ انہوں نے بہت وقت لگا دیا لہذا بقیہ زندگی بنا انگوٹھے کے گزرے گی۔
یوری نے بتایا کہ وہ اپنے موبائل کو فنگر پرنٹس کی مدد سے لاک کرتے تھے جبکہ انگوٹھے کی مدد سے کھولتے تھے۔
بیلا روس کے شہری نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں بتایا کہ ڈاکٹرز کے کہنے کے بعد میں اپنا کٹا ہوا انگوٹھا واپس گھر لے آیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے موبائل فون کو اپنے کٹے ہوئے انگوٹھے سے ہی ان لاک کرتا ہوں اور اگر کبھی انگوٹھا گھر بھول جاؤں تو مجھے بے حد پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یوری فریج سے اپنا کٹا ہوا انگوٹھا نکال کر موبائل کے اسکینر پر لگا کر فون کھولتے ہیں۔