حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوسکا، لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں جاری

،تصویر کا ذریعہGetty Images
لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے جنوبی لبنان میں کم از کم 14 افراد کو ہلاک اور 80 سے زائد کو زخمی کر دیا ہے۔ لبنانی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے سے اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے انخلا کی ڈیڈ لائن ختم ہو جانے کے باوجود اب بھی وہ ملک کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں۔
لبنانی اور اسرائیلی افواج کے علاوہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی خبردار کیے جانے کے باوجود اتوار کی صبح ہزاروں باشندے سرحد سے متصل قصبوں اور دیہاتوں میں واپس چلے گئے، جن کے بارے میں انھیں بتایا گیا تھا کہ یہ علاقہ غیر محفوظ ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ 60 روزہ جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں کیا گیا ہے اور یہ واضح نہیں ہے کہ اس کے کتنے فوجی لبنان میں رہیں گے یا وہ کتنے عرصے تک رہیں گے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی افواج نے لوگوں پر اس وقت حملہ کیا جب وہ ان مقامات میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جو اب بھی زیر قبضہ ہیں۔ لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فائرنگ سے اس کا ایک فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں میں خبردار رہنے کے لیے فائرنگ کی تاہم اُن کی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ اور فرانس کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے میں جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوجیوں کے انخلا اور علاقے سے حزب اللہ کے جنگجوؤں کے انخلا کی شرط رکھی گئی تھی۔ اسی کے ساتھ ساتھ ہزاروں لبنانی فوجیوں کو اس علاقے میں تعینات کیا جائے گا جہاں کئی دہائیوں تک حزب اللہ کا غالبہ رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مذاکرات سے باخبر ایک مغربی سفارتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسرائیل نے کہا ہے کہ اسے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے لئے مزید وقت کی ضرورت ہے۔
لبنان کے نئے صدر اور آرمی چیف جوزف عون کی جانب سے اتوار کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور وہ اس معاملے کو اعلیٰ سطح پر دیکھ رہے ہیں۔
گذشتہ ستمبر میں یہ تنازعہ شدت اختیار کر گیا تھا جس کے نتیجے میں لبنان بھر میں اسرائیل کی شدید فضائی کارروائی، حزب اللہ کے سینئر رہنماؤں کا قتل اور جنوبی لبنان پر زمینی حملہ ہوا تھا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں لبنان میں تقریباً 4000 افراد ہلاک ہوئے جن میں بہت سے عام شہری بھی شامل تھے اور 12 لاکھ سے زائد باشندے نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔