سعودی عرب کا مساجد میں وضو کے پانی کو ری سائیکل کرنے کا منصوبہ

Defense Ministers of Saudi Arabia
Defense Ministers of Saudi Arabia

ریاض۔25اپریل (اے پی پی):سعودی عرب نے مساجد میں وضو کے پانی کو ری سائیکل کرکے آبپاشی و دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے منصوبے پرعمل درآمد کا اعلان کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق  سعودی وزارت اسلامی امور و دعوۃ والارشاد نے ابتدائی طورپر ریاض کی تین جامع مساجد میں وضو کے پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کےلیے نجی کمپنی سے معاہدہ کیا ہے۔

معاہدے کے مطابق وضو کے پانی کو ری سائیکل کرنے کے بعد انہیں مساجد کے بیت الخلا کے فلش ٹینک کے لیے ذخیرہ کیا جائے گا۔ریاض کی جن مساجد میں ری سائیکل پانی کا معاہدہ کیا گیا ہے ا ن میں جامع مسجد الراحجی، جامع الجوھرہ البابطین اور جامع مسجد البواردی شامل ہیں۔واضح رہے کہ وزارت اسلامی امور اور وزارت ماحولیات، پانی اورزراعت نے اکتوبر 2020 میں پانی کے استعمال میں کفایت شعاری کے منصوبے پرعمل کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے تھے۔اس کا مقصد مساجد کے صرف وضو خانوں میں استعمال ہونے والے پانی کو ری سائیکل کرکے انہیں آبپاشی کےلیے استعمال کرنا تھا۔