وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بابائے قوم محمد علی جناح کے مزار پر نوجوانوں کیلئے علم و ہنر کی راہیں ہموار کرنے کا عہد ، نوجوانوں سے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کا حلف لیا

کراچی ۔24اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بابائے قوم محمد علی جناح کے مزار پر نوجوانوں کیلئے علم و ہنر کی راہیں ہموار کرنے کا عہد کرتے ہوئے نوجوانوں سے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کا حلف لیا۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورہ کراچی کے دوران مزارِ قائد پر مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اور زیرِ تعلیم طلبا و طالبات سے ملک و قوم کی خدمت کیلئے حلف برداری کی منفرد تقریب میں شرکت کی اور بابائے قوم محمد علی جناح کے مزار پر نوجوانوں کیلئے علم و ہنر کی راہیں ہموار کرنے کا عہد کیا اور نوجوانوں سے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب وزیراعظم کے باصلاحیت نوجوان افرادی قوت کو علم و ہنر سے لیس کرنے کے ویژن کے تحت منعقد کی گئی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہو ئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی سوچ اور انکا علم و عمل ہمارا عظیم سرمایہ ہے، پاکستان کے انتظامی سربراہ کی حیثیت سے نوجوانوں کیلئے علم، ہنر اور عمل کے راستے ہموار کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان راستوں کے نشیب و فراز کو تسخیر کرنا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے، ملک کے نوجوانوں نے ہر دور میں اپنے عزم و حوصلے سے کامرانی کی تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نسل نو سے امید ہے کہ وہ قائد اعظم کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے اتحاد، نظم و ضبط اور یقینِ محکم کی عملی تصویر بنیں گے، پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کی محنت اور امیدوں سے عظیم اور روشن تر ہونے والا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب آپ نوجوانوں کی کامیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہیں۔ وزیرِ اعظم کی گفتگو نے تقریب میں شریک نوجوانوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ دیا۔ وزیرِ اعظم کی گفتگو کے بعد مزارِ قائد نواجوانوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔