پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر زمان نے کچھ ڈھکے چھپے انداز میں اپنی شادی کی تصدیق کر دی ہے جبکہ مداح ان کے اس فیصلے سے بے حد خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
صبا قمر کی شادی کی خبریں سوشل میڈیا انفلوئینسر اور بلاگر عظیم خان کے ساتھ آ رہی ہیں جبکہ دونوں نے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کر دی ہے۔
شوبز کی اس نئی جوڑی کو لے کر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بحث جاری ہے جبکہ صبا اور عظیم کی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار کئی معنی خیز پوسٹس کا سلسلہ بھی جاری ہے جنہیں مداحوں و فالوورز کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے اور ان دونوں کو سوشل میڈیا پر کافی توجہ بھی دی جا رہی ہے۔
انسٹاگرام پر عظیم خان کی جانب سے آسٹریلیا سے جَلد پاکستان آنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
تاہم کچھ گھنٹے قبل صبا قمر نے اپنی اسٹوری پوسٹ کی جس میں لکھا کہ ’انہوں نے سب کچھ اللّٰہ کے سپرد کر دیا ہے، ہم سب صرف دعا کر سکتے ہیں،‘ جبکہ دوسری جانب عظیم خان نے اپنی اسٹوری میں لکھا ہے کہ ’اس وقت ہمیں صرف آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے، بہتری کی امید کرنی چاہیے۔‘
یاد رہے اس سے قبل صبا قمر کی جانب سے اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ ’تمہارا پیار مجھے خوشی دیتا ہے،‘ جبکہ عظیم خان کی جانب سے بھی کی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’میرا دل وہی چاہتا ہے جو میں چاہتا ہوں اور تم سے میرے دل کو خوشی ملتی ہے۔‘